اسلام آ باد ( تبصرہ / رانا غلام قادر ) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ملک میں فوری الیکشن کرانے کے اپنے مطالبہ کو آگے بڑھانے کیلئے اب نیا معاشی بیانیہ تشکیل دیا ہے۔انہوں نے ملکی معیشت کو خطرناک قرار دے کر اس کا حل الیکشن سے مشروط کردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کے لیے جلد از جلد عام انتخابات کرائے جائیں۔۔گزشتہ روز بنی گالہ میں اپنی معاشی ٹیم سے ملاقات کے بعد قوم سے خطاب میں اپنے دور حکومت اور موجودہ حکومت کا معاشی موازنہ کیا بالخصوص اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور یوٹلیٹی بلز کے ٹیرف میں اضافہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے اب خوف ہو رہا ہے کہ ملکی معیشت کو گرنے سے بچانے کا موجودہ حکومت کے پاس کوئی طریقہ نہیں ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ جس طرح ملکی معیشت تیزی سے نیچے جارہی ہے، اگر اس ملک میں سیاسی استحکام نہ آیا تو مجھے خوف ہے کہ معیشت کو گرنے سے بچانا مشکل ہوجائے گا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہیں جس پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان انتشار کی طرف بڑھ رہا ہے اور سری لنکا جیسے حالات کے طرف جارہا ہے۔
