اطلاعات کے مطابق کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ایس ایس یو مقصود میمن نے نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے حوالے سے پی سی بی کے آفیشلزکے ساتھ میٹنگ کی۔میٹینگ میں ٹیموں کی سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ تمام فورسز کے اہلکارکل ہونے والی ریہرسل میں حصہ لیں گے۔جاوید عالم اوڈھو اور مقصود میمن نے کہا پی سی بی نے سیلاب متاثرین کو فری ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے، ہم سیلاب متاثرین کو خوشیاں دیں گے۔انہوں نے کہا سیلاب متاثرین کیلئے اسٹیڈیم میں فری انٹری ہوگی جس پر چیئرمین پی سی بی رضامند ہیں، ہماری ٹیمیں ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کریں گی۔کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی کھلاڑی کو باہر جانے سے نہیں روکا، پی سی بی جب ہمیں آگاہ کرے گا ہم کھلاڑیوں کو جانے دیں گے۔کھلاڑیوں کو صدارتی پروٹوکول دیا گیا ہے، صدارتی پروٹوکول میں باہر جانے کیلئے ایک روزقبل پیشگی اطلاع دینی پڑے گی، اگر کھلاڑی باہر جانا چاہتے ہیں تو پی سی بی کے ذریعے ہمیں اطلاع دیں۔انہوں نے کہا سیکورٹی پلان مناسب انداز سے بنایا گیا ہے، انگلینڈ کی ٹیم کوبہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، انگلش سیکورٹی آفیشلز ہماری پلاننگ سے خوش ہیں، انگلش ٹیم کی سیکیورٹی پر5 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
