وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی خصوصی ہدایات اور سابق صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر ممبر صوبائی اسمبلی کی کاوشوں سے چکوال/ تلہ گنگ میں صحت کے شعبے میں انقلاب کا راستہ ہموار ہو گیا۔ لاہور میں اعلی سطح اجلاس زیر صدارت صوبائی وزیر صحت بیگم راشدہ یاسمین منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود سمیت دیگر حکام جبکہ ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی خصوصی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ چکوال ڈاکٹر عبدالرزاق نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں آئندہ پچاس برس میں صحت کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے تلہ گنگ ہسپتال میں سو بیڈ ، مزید دس ڈائیلاسز مشینیں تلہ گنگ اور دس چکوال کےلئے منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں تلہ گنگ ہسپتالوں میں ایڈہاک بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ جس کے بعد اب عملہ اور ڈاکٹرز کی فوری تعیناتی ہو سکے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور سٹی ہسپتال کا ایڈمنسٹریٹر نظام کا انضمام کر دیا جائے گا ۔ کچھ اسپیشلسٹ ڈاکٹرز ٹی ایچ کیو اور کچھ سٹی ہسپتال میں تعینات کئے جائیں گے ۔ پوسٹ مارٹم اور میڈیکولیگل سٹی ہسپتال میں ہی ہو گا ۔ لطیفوال میں بیس بیڈ کا ہسپتال بھی فعال ہونے سے ضلع چکوال میں صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہو جائے گا ۔ مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات ملنے کی وجہ سے توقع ہے کہ اب بہت کم مریضوں کو راولپنڈی ریفر کرنے کی نوبت آئے گی ۔ اس طرح راولپنڈی اسلام آباد کے ہسپتالوں پر دباؤ میں بھی کمی ہو گی ۔ ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کا تلہ گنگ چکوال کو صحت پیکج ملنے میں بھر پور کردار رہا ۔ وہ لمحہ بہ لمحہ محکمہ صحت کے حکام سے رابطے میں رہے اور تمام معاملات میں آسانیاں فراہم کرنے میں خصوصی کاوشیں کیں ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے صحت کی بڑی سہولیات پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ، سابق صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر ممبر صوبائی اسمبلی ، صوبائی وزیر صحت بیگم راشدہ یاسمین ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود ، ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور سی ای او ہیلتھ چکوال ڈاکٹر عبدالرزاق کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
