ملک کے مختلف شہروں میں محبوبِ خدا حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا دن انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، چھوٹے بڑے شہروں میں آج جلوس نکالے جا رہے ہیں، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔
گزشتہ شب شہر شہر گلی گلی چراغاں کیا گیا، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، نعتوں کی محفلیں منعقد کی گئیں، درود و سلام کی صدائیں ہر سو گونجتی رہیں، لنگر، آبِ زم زم اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
گوجرانوالہ میں 100 من کھیر کی دیگ پکائی گئی، منڈی بہاءالدین میں ڈیڑھ سو من شربت تیار کیا گیا۔
دن کے آغاز پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔
کراچی میں 40 جلوس
کراچی میں 40 سے زائد علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جو جشنِ میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے۔
راولپنڈی سج گیا
راولپنڈی میں بھی جشنِ عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
شہریوں نے شاہراہوں، مساجد، عمارتوں اور کاروباری مراکز کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا ہے۔
راولپنڈی میں 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کا آغاز مرکزی جامع مسجد روڈ سے ہو گا، جلوس کا افتتاح پیر نقیب الرحمٰن، انجمن تاجران اور دیگر افراد کریں گے۔
جلوس وارث خان، مری روڈ، کمیٹی چوک، بوہڑ بازار، باڑہ بازار، فوارہ چوک سے ڈنگی کھوئی پہنچے گا۔
جلوس ڈنگی کھوئی سے جامع مسجد روڈ اور رات گئے دوبارہ مرکزی جامع مسجد پہنچ کر ختم ہوگا۔
ضلع چکوال کی تمام تحصیلوں چکوال ، تلہ گنگ ، لاوہ ، کلرکہار اور چوآ سیدن شاہ میں بھی عید میلادالنبی کے جلوس اپنے روایتی روٹس پر رواں دواں ہیں ۔ جلوس کے راستوں میں جگہ جگہ ٹھنڈے پانی ، شربت ، دودھ کی سبیلیں اور لنگر کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد علمائے کرام کے ساتھ ان جلوس میں شریک ہے ۔
