مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہےکہ خوشخبری دے رہا ہوں پنجاب میں نومبر میں (ن) لیگ کی پھر سے حکومت ہوگی۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کےحکم پر ون بلینکٹ موومنٹ شروع کی ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں گھر بننے شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شوخیاں بھگارنے والے امریکا اور روس کی بات کرتے ہیں، یہ لوگ مکر و فریب کرتے ہیں ، 5 ہزار کنال کا فارم ہاؤس بیچ دیں، کل راولپنڈی میں انتشار خان کا ایک فنکشن ہوا، اس بندے کو پاکستان سے کوئی غرض نہیں ہے کہتا ہے میں نہیں تو ملک پر بم گرا دیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کسی کو فتح نہیں کرنے دیا جائے گا، نہ پہلے کرنے دیا گیا تھا نہ اب کرنے دیا جائے گا، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ سرکاری عمارتوں پر حملہ کیا جائے، حالات یہ ہیں کہ اپنے ساتھیوں پر اعتماد نہیں، لوگوں سے حلف لے رہے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ خوشخبری دے رہا ہوں پنجاب میں نومبر میں (ن) لیگ کی پھر سے حکومت ہوگی جب کہ نومبر کے آخر یا دسمبر میں نواز شریف اپنے لوگوں کے درمیان موجود ہوں گے۔ دوسری جانب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں متعدد سیاسی جلسوں کے دوران اپنی تقاریر میں متعدد مرتبہ یہ دعوے کیے ہیں کہ صوبہ پنجاب میں اُن کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ’حکومت کو گرانے کی سازش کی جا رہی ہے خیال رہے کہ گذشتہ دنوں صوبہ پنجاب کے شہر چشتیاں میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب

کرتے ہوئے عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ پنجاب میں ’ہماری جماعت کے اراکین کو خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے.
علاوہ ازیں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ یعنی پی ڈی ایم اور بالخصوص پنجاب میں حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت ن لیگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت چند روز پہلے ہی ’اس نوعیت کے دعوے کر چکی ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پنجاب حکومت کو گرانے کی کوشش کریں گے۔ اور ان کی جماعت کے اراکین سے رابطے کیے گئے ہیں تاکہ ان کو خریدا جاسکے تاہم رابطے کرنے والوں کی نہ اب کامیابی ہوئی ہے اور نہ آئندہ ہو گی۔