سابق ڈپٹی سپیکردوست محمد مزاری کو محکمہ اینٹی کرپشن نے سرکاری اراضی پر قبضہ کے سکینڈل میں گرفتار کر کے علاقہ مجسٹریٹ سے دو دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کر کے دو دن کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے جس میں محکمہ اینٹی کرپشن سابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری سے سرکاری اراضی کی محکمہ ریو نیو کے افسران سے چھینی گئی دستاویزات برآمد کرے گااور محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی سپیکر سے 8ہزار ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی بھی و گزار کروالی ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ اینٹی کرپشن جھوٹی درخواستیں دینے والے مدعیوں کے خلاف 182PPC کے تحت کارروائی کی جائے گی جس کی سزا 6مہینے قید ہے یہ بات ایڈ وائزر ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب اینٹی کرپشن مصدق عباسی اور ڈئریکٹر جنرل اینٹی کرپشن ندیم سرور نے آج ڈائریکٹو ریٹ جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں کھلی کچہری کے دوران کہی۔اس موقع پر ایڈ وائزر اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران و اہلکاران کا بھی احتساب کیا جائے گا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن ندیم سر ور نے کہا کہ محکمہ اینٹی کر پشن کے تمام ریجنل دفاتر میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور شکایات کا ازالہ ریجن کی سطح پر کیا جا رہا ہے اور آج اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کھلی کچہری میں 35سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن پرفوری ایکشن لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اینٹی کرپشن میں موصول ہونے والی شکایات میں پاکستانی شہریوں کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی اپنی شکایات درج کروائیں۔ ندیم سرور ے مزید بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی سال میں یہ دوسری کھلی کچہری ہے اور ان کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کی داد رسی کرنا ہے اور عوام کی شکایات کا ازالہ محکمہ اینٹی کرپشن کی اولین ترجیح ہے۔
