اسلام آباد:سپریم کورٹ نے اعظم سواتی کے جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام کے دعوے کو مسترد کردیا،اطلاعات ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہےکہ سینیٹر اعظم سواتی کبھی جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں نہیں ٹھہرے۔تحریک انصاف کےرہنما سنیٹراعظم سواتی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئےترجمان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل لاجز رجسٹرار سپریم کورٹ کے زیر کنٹرول ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپیشل برانچ کے مطابق اعظم سواتی نے جوڈیشل اکیڈمی میں قیام کیا تھا، جوڈیشل اکیڈمی کوئٹہ سپریم کورٹ کے زیرانتظام نہیں ہے۔ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق جوڈیشل لاجز صرف سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز کے استعمال کیلئے ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اعظم سواتی نے نیوز کانفرنس میں الزام عائد کہ نامعلوم نمبر سے کسی نے میری بیٹی کو میری اور اہلیہ کی ذاتی ویڈیوز بھیجی تھیں، بیٹی نے سسکیوں میں بتایا کہ ڈیڈی یہ ویڈیو آپ اور ماما کی ہے۔بعد ازاں ایف آئی اے نے ویڈیو کا عالمی معیار کے مطابق تفصیلی تجزبہ کرنے کے بعد اسے جعلی قرار دے دیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پر پھیلائی جانے والی ویڈیو جعلی ہے، ان سے منسوب فحش ویڈیو اور آڈیو کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔
