تحریک انصاف کا لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب جاری ہے، لانگ مارچ کے دوسرے مرحلے کا پانچواں روز ہے،اسد عمر کی قیادت میں ہونیوالا لانگ مارچ آج فیصل آباد میں ہو گا،
فیصل آباد کے تعلیمی اداروں میں لانگ مارچ کی وجہ سے چھٹی دے دی گئی ہے، اکثر تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ کئی تعلیمی اداروں نے والدین کو پیغامات بھجوائے ہیں کہ لانگ مارچ کی وجہ سے جلدی چھٹی ہو گی اسلئے والدین 12 بجے بچوں کو سکول سے لے جائیں
لانگ مارچ کی وجہ سے جہاں عام شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے وہیں طلبا بھی متاثر ہونے لگے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اور لانگ مارچ کے شرکاء کو زیادہ دکھانے کے لئے جس شہر میں لانگ مارچ ہوتا ہے وہاں چھٹی دے کر طلبا و تعلیمی اداروں کے عملے کو لانگ مارچ میں شرکت کی ہدایت کی جاتی ہے،اس سے پہلے احتجاج کے باعث تین دن تک راولپنڈی کے تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے۔
تحریک انصاف کے فیصل آباد میں احتجاجی لانگ مارچ کے پیش نظر صبح کچھ تعلیمی اداروں میں چھٹی ہے جبکہ باقی تعلیمی اداروں کو 12 بجے سے پہلے چھٹی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ والدین اپنے تعلیمی اداروں سے رابطہ رکھیں اور بچوں کو بروقت لے جائیں
شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت لانگ مارچ کا دوسرا حصہ آج منڈی بہاؤلدین پہنچے گا جہاں عمران خان خطاب کریں گے، آج 2 بجے میراں جی چوک میں تحریک انصاف کے کارکنان لانگ مارچ کے شرکاء کا بھرپور استقبال کریں گے ،لانگ مارچ کے شرکا ء سے عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے،
مارچ کی سیکورٹی کے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں لانگ مارچ انتظامیہ کو سکیورٹی ایس او پیز پر ہر صورت عملدر آمد کرنے کی درخواست کی گئی ہیں کنٹینر کے ارد گرد سکیورٹی کا خصوصی حصار بنایا جائے گا۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑی کو کنٹینر کے قریب نہیں آنے دیا جائے گا۔ لانگ مارچ کے روٹس کی عمارتوں پر کمانڈوز تعینات ہونگے۔ لانگ مارچ کی سی سی ٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لانگ مارچ میں آنے والے شرکاء کے اسلحہ بردار پرائیویٹ گارڈز کا داخلہ ممنوع، ہوائی فائرنگ پر پابندی ہوگی۔سنٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم سے بھی مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کو لانگ مارچ کے روٹس پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز روانہ کی بنیادوں پر کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے متبادل روٹس اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
