کراچی:شہرقائد میں جاری عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء اختتام پذیر ہوگئی۔جمعہ کو آخری روزبھی آلات حرب اورتربیتی سازوسامان کی نمائش جاری رہی، طلبہ و طالبات نے بھی دفاعی نمائش کادورہ کیا، اختتامی تقریب میں شرکاء کو یادگاری شیلڈزپیش کی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیردفاعی پیدا وار اسرارترین نے کہا پاک فوج، وفاقی اور سندھ حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے آئیڈیاز کاکامیاب انعقاد ممکن ہوا۔
آخری روزوزیربلدیات سندھ ناصرحسین شاہ نے بھی دفاعی نمائش میں شرکت کی،ان کاکہنا تھاکہ نمائش نےپاکستان کےتنہا ہونےکاتاثرمسترد کردیا ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا معظم انصاری بھی نمائش میں شریک ہوئے۔نمائش میں دفاعی مصنوعات سے متعلق 30 سے زائد ایم او یوز پردستخط کیے گئے ہیں، غیر ملکی مندوبین نے دفاعی نمائش کے انعقاد کوسراہا۔
پاک فوج کا انٹگریٹیڈ الیکٹرانک وارفئیرسسٹم مرکزنگاہ بنارہا، وار فیئرسسٹم سےنہ صرف تیس سے پینتیس کلومیٹرتک دشمن کی گفتگو سنی جاسکتی ہے بلکہ کمیونیکیشن جام بھی کی جاسکتی ہے، کینیڈین کمپنی کاالیکٹرانک ٹینٹ بھی دفاعی نمائش کی زینت بنایا گیا جومحض دس منٹ میں ایک بڑے کمرے کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹر بھی دفاعی نمائش کا حصہ بنایا گیا تھا، غیرملکی وینٹی لیٹرکی قیمت تو 70 لاکھ روپے ہے لیکن ملک میں تیار کیے گئے وینٹی لیٹرکی قیمت بیس لاکھ روپے ہے۔
ڈی جی ڈیپومیجرجنرل عارف ملک کا کہنا تھا گزشتہ آئیڈیاز میں تراسی جب کہ اس بار پچانوے وفود نے شرکت کی ہے۔ 2024 کی آئیڈیاز اٹھارہ سے بائیس نومبر کو کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگی۔
