جنرل عاصم منیر نے مرکزی مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن سے قرآن حفظ کیا
25 نومبر ، 2022
جنرل عاصم منیر خود بھی حافظ قرآن ہیں اور ان کے والد گرامی بھی حافظ قرآن تھے اور ان کے بھائی نے بھی قرآن شریف حفظ کیا ہوا ہے ۔فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے مرکزی مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا ہوا ہے، ان کا تعلق راولپنڈی کے معروف دینی اور علمی گھرانے سے ہے۔نئے سپہ سالار کے والد گرامی راولپنڈی چھاؤنی کے طارق آباد اسکول کے پرنسپل تھے اور علم و ادب کے حوالے سے ان کے والد گرامی نے بڑا نام کمایا ہے، ان کو علمی دنیا میں بڑی عزت اور توقیر سے نوازا جاتا ہے، وہ عاجزی اور انکساری کی ایک روشن مثال تھے اور ان کے فرزند جنرل عاصم منیر بھی اپنے والد کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں ۔جنرل عاصم منیر پاکستان کے معروف مبلغ قرآن حافظ قاری خلیل احمد مرحوم کے شاگرد بھی ہیں، جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کے افراد نے مرکزی مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا ہوا ہے۔مدرسے کے منتظمین حافظ ایس اے رحمان سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان، صدر منتظمہ کمیٹی حافظ طاہر خلیل، سیکرٹری جنرل حافط نسیم محمود، خلیل رئیس، مدرسہ اور طلبہ نے بھی جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر ہونے پر پوری قوم اور اپنی مسلح افواج کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نامزد آرمی چیف کے لیے نیک تمباوں اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔نوٹ: یہ خبر 25 نومبر 2022 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی
