تلہ گنگ (بلال شیخ سے) ضلع تلہ گنگ اور کسی بھی ضلع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لٹریچر فیسٹول کا انعقاد گیارہ مارچ کو کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے تلہ گنگ پریس کلب کو گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج تلہ گنگ میں ایک بریفنگ دی گئی جس میں 11مارچ کو ہونے والے تلہ گنگ لٹریچر فیسٹول کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

ملک سہیل اعوان اور پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان نے صحافیوں کو لٹریچر فیسٹول کی تیاریوں اور پروگرام کے دن کی ترتیب سے آگاہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق11مارچ کو منعقد کئے جانے والے لٹریچر فیسٹول کو چارحصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں تلہ گنگ کی تاریخ، ثقافت اور مستقبل پر بات ہوگی اور اس مجلس میں ملک کے مایہ ناز ادیب ، مصنف پروفیسر فتح محمد ملک، پروفیسر افتخار حیدر ملک، پروفیسر ثمینہ اعوان، ملک فتح خان، بریگیڈئر ریٹائرڈ فتح ملک، محترمہ مسز شاکر، محترمہ مسز وقار اعوان، ملک آفتاب اکبر اور ملک کبیر ایڈووکیٹ شاملِ گفتگو ہوں گے۔

دوسرا حصہ کتاب اور صاحبانِ کتاب کاہوگا اور اس میں ستیہ پال آنند، دُرِ عزیز آمنہ، محمد اظہار الحق، تنویر ملک، محمد عمر فاروق، جاوید احمد ملک، سعید اختر ملک اور وقار احمد ملک شریک ہوں گے۔ اسی مجلس میں سید منظور حیدر شاہ اور صدیق علوی ایڈوکیٹ کے ادبی کام پر بات کے لئے مختار منظر، پروفیسر ساجد اقبال اور نوشابہ شہزاد شریکِ گفتگو ہوں گی۔ تیسری مجلس میں ابلاغِ عامہ اور صحافت کے ضلع کی

ترقی میں کردار کے حوالے سے بات ہوگی اور اس میں میاں محمد ملک، طاہر نعیم ملک، حسنات ملک، سید جواد ہمدانی اور خرم ملک گفتگو کریں گے۔تلہ گنگ ادبی میلے کی چوتھی مجلس میں مشاعرہ ہوگا جس میں بہت سارے مقامی شعراء اپنا کلام پیش کریں گے اور اس کے بعد مقامی ڈھول، شہنائی اور لڈی پر تلہ گنگ کے اس پہلے ادبی میلے کا اختتام ہوگا۔تلہ گنگ کے پہلے لٹریچر فیسٹول کی ایک اور خاص بات یہ ہے

کہ اس موقع پر کتاب میلے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے اور اس کے لئے نیشنل بُک فاؤنڈیشن، دیگر پبلشرز اور کتابوں کے سٹال لگانے والوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here