مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کا جلسہ ، انتظامیہ نے مختلف سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیئے، رات گئے تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا

تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر جلسہ کرنے جا رہی ہے، جلسے سے عمران خان خصوصی خطاب کریں گے، جلسے کی تاریخ چار بار بدلی گئی تا ہم آج جلسہ ہو گا، جلسے کے لئے تیاریاں و انتظامات جاری ہیں تو دوسری جانب حکومت بھی ایکشن میں ہے، حکومت نےپنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا، ریلوے سٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں، شاہ عالم مارکیٹ چوک، بانساں والا بازار چوک پر دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں، لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ شب پولیس نے کئی شہروں میں پی ٹئ آئی کارکنان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے، تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے،پنجاب پولیس نے رات گئے سیالکوٹ میں عثمان ڈار کے گھر پر چھاپہ مارا چھاپے کے وقت عثمان ڈار گھر پر موجود نہیں تھے پنجاب پولیس کی جانب سے رہائشگاہ پر چھاپے پر عثمان ڈار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر دھاوا بولا گیا، چھاپہ ایسے مارا گیا جیسے کسی دہشت گرد کو گرفتار کرنا ہو، ملتان میں پی ٹی آئی رہنما جاوید انصاری کے بیٹے سمیت 26 کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا، لودھراں اور بھکر سے بھی متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے 25 مارچ کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، جلسے کے حوالہ سے عمران خان کہتے ہیں کہ آج رات مینارِپاکستان پر ہمارا چھٹا جلسہ ہےاور میرا دل کہہ رہا ہے کہ یہ پہلےتمام ریکارڈز توڑ دےگا۔ میری لاہور میں سب کو دعوت ہے کہ نمازِتراویح کے بعد اس تاریخی جلسےمیں شریک ہوں۔ میں حقیقی آزادی کے اپنے ویژن پر روشنی ڈالوں گا اور اپنی قوم کو بتاؤں گاکہ ہم پاکستان کو تباہی کی اس دلدل سے کیسے نکالیں گے جس میں مجرموں کےاس گروہ نے ملک کو دھکیلاہے۔ یہ(مجرم)لوگوں کو جلسے میں شرکت سے روکنے کیلئےہرطرح کی رکاوٹ ڈالیں گے مگر میں سب کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک سیاسی اجتماع میں شرکت آپکا بنیادی حق ہے چنانچہ اپناحق استعمال کیجئےاور مینارِ پاکستان کےاس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here