جیل سے فرار ہونے والے دہشتگرد ڈینیل عابد خلیفے کو مسلسل تلاش کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسکاٹ لینڈیارڈ پولیس کا کہنا ہے کہ 21 سالہ سابقہ فوجی اہلکار ڈینیل عابد خلیفے کو لندن کے شمال مغربی علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق وہ ونڈزورتھ جیل سے 14 میل کے مفاصلے پر موجود تھا، گرفتاری کے وقت وہ سائیکل پر سوار تھا۔
پولیس نے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مفرور دہشتگرد کی اطلاع دی، پولیس کو 100 مقامات سے ایسی کالز موصول ہوئی تھیں جن میں شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ انہوں نے مفرور دہشتگرد کو کس مقام پر دیکھا ہے۔
واضح رہے کہ 21 سالہ ڈینیل عابد خلیفے برطانوی فوجی بیس پر نقلی بم رکھنے کے الزام میں لندن کی ونڈز ورتھ جیل میں عدالتی ٹرائل کا منتظر تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جیل حکام کا اندازہ تھا کہ خلیفے جیل کے باورچی خانے سے کھانا پہنچانے والی وین کے نیچے چھپ کر فرار ہوا کیونکہ فرار سے قبل اسے وہیں دیکھا گیا تھا۔
رپور ٹس کے مطابق خلیفے نے 2019 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی، اس کا تعلق لندن کے کنگسٹن ایریا اور شمال مغرب علاقے سے تھا تاہم اس کی تلاش کیلئے ملک گیر مہم شروع کی گئی تھی۔
